پشاور میں آپریشن ’سٹریٹ فائٹ‘ کے تحت سٹریٹ کریمنلز کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ کیپٹل سٹی پولیس کے مطابق تھانہ شاہ پور اور تھانہ چمکنی کی حدود میں پولیس مقابلوں کے دوران ایک مبینہ سٹریٹ کریمنل ہلاک جبکہ دو زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے۔
پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت مختیار ولد اول خان، سکنہ چارسدہ اور حالیہ رہائش اسد آباد کے طور پر ہوئی ہے، جبکہ زخمی گرفتار ملزمان اسرافیل اور جہانگیر ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے قبضے سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد کیا گیا ہے اور وہ متعدد سنگین وارداتوں اور مقدمات میں مطلوب تھے۔
کیپٹل سٹی پولیس کے مطابق شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور شہر میں پُرامن ماحول برقرار رکھنے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔
