بہتر مستقبل کی تلاش اور یورپ پہنچنے کے خواب نے ایک بار پھر خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ کے درجنوں گھرانوں کے چراغ گل کر دیے ہیں۔ مقامی ذرائع کے مطابق لیبیا کے سمندر میں پیش آنے والے حادثے میں جاں بحق ہونے والے 33 افراد کا تعلق باجوڑ سے ہے۔ سمندر کی بے رحم موجوں کی نذر ہونے والوں میں تحصیل ماموند کے علاقے غاخئی کا 15 سالہ جنید بھی شامل ہے، جو اپنے والدین کی برسوں کی منتوں اور مرادوں کے بعد پیدا ہوا تھا۔ آج اس کا خاندان جسدِ خاکی کے بجائے اس کی غائبانہ نمازِ جنازہ ادا کرنے پر مجبور ہے۔
.jpg)
لیبیا میں موجود باجوڑ کے ایک پناہ گزین نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ یہ حادثہ 21 اور 22 نومبر کی درمیانی شب پیش آیا، تاہم انسانی اسمگلروں کے ایجنٹوں نے کئی روز تک اس خبر کو چھپائے رکھا۔ ان کے مطابق کشتی میں 120 پاکستانی سوار تھے اور سمندری سفر شروع ہوئے ابھی دو گھنٹے ہی گزرے تھے کہ گنجائش سے زیادہ وزن کے باعث کشتی بیچ سمندر میں دو ٹکڑے ہوگئی۔ حادثے کے بعد سے تاحال سمندر سے لاشیں نہیں نکالی جا سکیں، جس کے باعث تحصیل ماموند اور سلارزئی کے سوگوار خاندان اپنے پیاروں کی غائبانہ نمازِ جنازہ ادا کرنے پر مجبور ہیں۔

اس سانحے میں جاں بحق ہونے والے 15 سالہ جنید کی غائبانہ نمازِ جنازہ آج صبح 10 بجے تحصیل ماموند کے علاقے غاخئی میں ادا کی جا رہی ہے۔
تحصیل لوئی ماموند کے علاقے لغڑی کے رہائشی تاج محمد خان، جن کے تین قریبی رشتہ دار اور 11 جاننے والے اس حادثے میں جاں بحق ہوئے، بتاتے ہیں کہ جنید ایک انتہائی غریب گھرانے کا چشم و چراغ اور اپنے والد کا سب سے بڑا بیٹا تھا۔ پہلی بیوی سے اولاد نہ ہونے پر اس کے والد نے دوسری شادی کی، جس کے بعد جنید کی پیدائش ہوئی۔ یورپ جانے کا خواب پورا کرنے کے لیے اس خاندان نے اپنی جمع پونجی، زمین اور گھر کا سونا تک فروخت کر دیا۔
تاج محمد خان کے مطابق روانگی سے قبل جنید سے ان کی آخری ملاقات ہوئی تھی۔ وہ اپنے دادا کے ہمراہ سعودی عرب جا رہا تھا، جہاں دادا نے عمرہ ادا کرنا تھا، جبکہ جنید نے وہاں سے لیبیا کا رخ کرنا تھا۔ سفر سے پہلے اسے بہت سمجھایا گیا کہ یہ انتہائی خطرناک راستہ ہے اور اس کے لیے بیرونِ ملک جانے کا قانونی بندوبست کیا جائے گا، لیکن یورپ جانے کی خواہش میں وہ نہ مانا اور اپنے علاقے کے چھ دیگر ساتھیوں کے ہمراہ سمندر کی نذر ہوگیا۔
.jpg)
مقامی ذرائع کے مطابق باجوڑ میں انسانی اسمگلنگ کا غیر قانونی کاروبار ایک منظم نیٹ ورک کی شکل اختیار کر چکا ہے۔ ضلع کے مرکزی تجارتی مقام عنایت کلی میں انسانی اسمگلروں کے ایجنٹ مبینہ طور پر کھلے عام سرگرم ہیں اور ان کے دفاتر بھی موجود ہیں۔ یہ ایجنٹ سادہ لوح اور بے روزگار نوجوانوں کو بہتر مستقبل کے خواب دکھا کر پہلے پشاور اور پھر ملک کے دیگر علاقوں میں موجود نیٹ ورک کے ذریعے غیر قانونی راستوں سے یورپ روانہ کرتے ہیں۔ ماضی میں بھی ایسے درجنوں واقعات پیش آ چکے ہیں، تاہم ان عناصر کے خلاف تاحال کوئی مؤثر کارروائی نہیں ہو سکی۔
.jpg)
سانحے کے بعد باجوڑ سے منتخب رکنِ قومی اسمبلی اور وزیرِ مملکت مبارک زیب کا کہنا ہے کہ حادثے میں محفوظ رہنے والے باجوڑ کے نوجوانوں سے رابطہ کر کے ان کی مشکلات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ لاپتہ افراد کی تلاش اور میتوں کی بازیابی کے لیے پاکستانی سفارت خانے، وزارتِ اوورسیز، بین الاقوامی امدادی اداروں، نیوی اور نیٹو کے تعاون سے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
.jpg)
ادھر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر باجوڑ خان زیب مہمند نے ضلع بھر میں انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایجنٹوں کا ڈیٹا اکٹھا کرنے اور ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو خطرناک راستوں پر بھیجنے کے بجائے ایسے ایجنٹوں کی فوری نشاندہی کریں۔
