کھانے کے بعد کچھ دیر ہلکی چہل قدمی کرنا روزمرہ زندگی میں صحت مند عادت بن سکتا ہے۔ اس سے جسمانی سرگرمی بڑھانے، خون میں شوگر کی سطح کو متوازن رکھنے اور طویل وقت تک بیٹھنے کی عادت کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ خاص طور پر کھانے کے بعد ہلکی حرکت جسم کو گلوکوز استعمال کرنے میں مدد دیتی ہے، جس سے کھانے کے بعد خون میں شوگر کے اچانک اضافے کو کم کرنے میں فائدہ ہوسکتا ہے۔
2023 میں جریدے سپورٹس میڈیسن شائع ہونے والے ایک تحقیقی جائزے اور تجزیے میں آٹھ مطالعات کے 116 افراد کے ڈیٹا کا جائزہ لیا گیا۔ نتائج کے مطابق کھانے کے بعد چہل قدمی یا دوسری جسمانی سرگرمی خون میں شوگر کے اضافے کو کم کرنے میں مؤثر ثابت ہوئی، جبکہ کھانے کے بعد جلد جسمانی سرگرمی شروع کرنے سے زیادہ فائدہ دیکھا گیا۔ تحقیق میں صحت مند افراد اور ٹائپ 2 ذیابیطس کے مریضوں دونوں میں اس کے مثبت اثرات سامنے آئے۔
.jpg)
تاہم کھانے کے بعد تیز رفتار ورزش یا سخت جسمانی سرگرمی بعض افراد میں پیٹ کی بے آرامی، متلی یا تیزابیت کی علامات بڑھا سکتی ہے، خصوصاً بھاری کھانے کے فوراً بعد۔ اسی لیے ماہرین ہلکی سرگرمی اور جسم کی کیفیت کے مطابق حرکت کرنے پر زور دیتے ہیں، جبکہ سینے میں تکلیف، چکر یا غیر معمولی کمزوری محسوس ہونے پر سرگرمی روک دینا چاہیے۔

ماہرین کے مطابق کھانے کے بعد ہلکی چہل قدمی کو روزمرہ معمول کا حصہ بنانا جسمانی سرگرمی بڑھانے کا آسان طریقہ ہوسکتا ہے، تاہم اسے کسی بیماری کے علاج کا متبادل نہیں سمجھنا چاہیے۔ اس کے فوائد ہر فرد کی صحت، جسمانی حالت اور سرگرمی کی نوعیت کے مطابق مختلف ہوسکتے ہیں۔
