چین کے شین ژو-24 خلائی مشن کے تین رکنی عملے میں شامل پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی بدھ کی صبح خلا میں روانہ ہوگئے، جس سے وہ خلا میں جانے والے پہلے پاکستانی بن گئے۔

 

خلائی مشن پاکستانی وقت کے مطابق صبح 5 بج کر 18 منٹ پر شمال مغربی چین کے جیوکوان لانچ سینٹر سے روانہ ہوا۔ ذیشان علی کے ہمراہ دو چینی خلا باز بھی مشن کا حصہ ہیں۔ وہ تیانگونگ خلائی اسٹیشن پر تقریباً ایک ہفتے قیام کے دوران سائنسی تجربات میں حصہ لیں گے۔

 

چینی سرکاری میڈیا کے مطابق مشن کے دوران 90 سائنسی تجربات اور ٹیکنالوجی ٹیسٹ کیے جائیں گے۔ ذیشان علی تیانگونگ خلائی اسٹیشن پہنچنے والے پہلے غیر ملکی خلا باز بھی ہیں۔

 

وفاقی وزیر احسن اقبال نے اس موقع کو پاکستان کے لیے تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ خلائی پروگرام میں نئے دور کا آغاز ہے اور نوجوان نسل کو سائنس اور خلائی تحقیق کی جانب راغب کرنے کا ذریعہ بنے گا۔