موٹر سائیکل حادثات میں بچوں کے زخمی ہونے کے واقعات نہ صرف ان کی صحت بلکہ معمول کی زندگی، تعلیم اور خاندانوں کو بھی متاثر کر رہے ہیں۔ بعض بچوں کو حادثات کے بعد طویل علاج اور بحالی کے مراحل سے گزرنا پڑتا ہے، جبکہ ان کے والدین بھی اس صورتحال کے اثرات سے دوچار ہوتے ہیں۔ پشاور کے لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں روزانہ موٹر سائیکل حادثات کے متعدد متاثرین علاج کے لیے پہنچتے ہیں، جن میں بڑی تعداد طلبہ کی ہوتی ہے۔
چارسدہ کے فضل کے والد کے مطابق ان کا بیٹا اپنے کزن کے ساتھ موٹر سائیکل پر جا رہا تھا کہ حادثے کا شکار ہوگیا۔ حادثے میں کزن کی ٹانگیں ٹوٹ گئیں جبکہ فضل کو سر پر شدید چوٹ آئی، جس کے باعث اسے انتہائی نگہداشت وارڈ (آئی سی یو) میں منتقل کرنا پڑا۔ اب وہ ریکوری روم میں ہے، تاہم والد کا کہنا ہے کہ ڈاکٹروں کے مطابق اس کی صحت میں مطلوبہ بہتری نہیں آرہی اور اسے دیگر طبی پیچیدگیوں کا بھی سامنا ہے۔

پشاور کے 9 سالہ حماد کی والدہ کے مطابق ان کا بیٹا بھی اپنے کزن کے ساتھ موٹر سائیکل حادثے میں زخمی ہوا، جبکہ اس کا کزن جانبر نہ ہوسکا۔ حماد کو تقریباً ایک سے دو ماہ ہسپتال میں زیر علاج رہنا پڑا۔ والدہ کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد اس کی بینائی متاثر ہوئی اور چلنے پھرنے سمیت جسمانی و ذہنی صحت میں بھی تبدیلیاں آئیں۔
لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور کے مشاہدے کے مطابق ہر صبح موٹر سائیکل حادثات کے تقریباً 15 سے 20 متاثرین علاج کے لیے پہنچتے ہیں، جبکہ رات کے حادثات اس تعداد میں شامل نہیں۔ ہسپتال کے مطابق ان متاثرین میں زیادہ تر طلبہ ہوتے ہیں اور سالانہ تعداد تقریباً 7 ہزار سے زائد ہوتی ہیں ۔
موٹر سائیکل حادثات کے بعض متاثرین کو ہڈیوں کے بڑے آپریشن، سر کی چوٹوں کے باعث انتہائی نگہداشت اور طویل بحالی کی ضرورت پڑتی ہے، جبکہ بعض کو چلنے، بولنے، یادداشت اور روزمرہ سرگرمیوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

موٹر سائیکل حادثات کے اثرات صرف زخمی ہونے تک محدود نہیں رہتے بلکہ بعض بچوں کی تعلیم، کھیل کود اور معمولاتِ زندگی بھی طویل عرصے کے لیے متاثر ہوجاتے ہیں۔ ایسے واقعات خاندانوں پر ذہنی، جسمانی اور مالی دباؤ بھی بڑھاتے ہیں، کیونکہ بچوں کے علاج اور بحالی کے لیے طویل وقت اور وسائل درکار ہوسکتے ہیں۔

اس صورتحال سے بچنے کے لیے والدین کو چاہیے کہ کم عمر بچوں کو موٹر سائیکل چلانے کی اجازت نہ دیں اور انہیں خود بھی بغیر نگرانی کے موٹر سائیکل پر سفر نہ کرنے دیں۔ موٹر سائیکل چلانے والوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں، رفتار قابو میں رکھیں، دورانِ سفر موبائل فون استعمال نہ کریں، ایک موٹر سائیکل پر مقررہ تعداد سے زیادہ افراد کو نہ بٹھائیں اور بچوں سمیت تمام سواروں کے لیے درست سائز کے حفاظتی ہیلمٹ کا انتظام کریں۔ بچوں کو موٹر سائیکل پر بٹھاتے وقت انہیں محفوظ انداز میں بٹھانا بھی ضروری ہے۔
ماہرین کے مطابق حادثات سے بچاؤ کے لیے احتیاط، محفوظ ڈرائیونگ اور ٹریفک قوانین پر عمل درآمد بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ والدین کی نگرانی اور موٹر سائیکل سواروں کی ذمہ دارانہ ڈرائیونگ ہی بچوں کو ایسے حادثات اور ان کے طویل مدتی اثرات سے محفوظ رکھنے میں مدد دے سکتی ہے۔
