خیبر پختونخوا کے ضلع دیر بالا کی پولیس نے قتل کے مقدمے میں مطلوب  اشتہاری ملزم کو قطر سے انٹرپول کے ذریعے گرفتار کرکے پاکستان منتقل کر دیا ہے۔

 

پولیس ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت عطاءاللہ ولد محمد بادشاہ، ساکن شاو، دیر بالا کے نام سے ہوئی ہے، جو گزشتہ آٹھ سال سے قطر میں روپوش تھا۔

 

ملزم تھانہ دیر سٹی میں درج مقدمہ نمبر 591، مورخہ 13 نومبر 2018، میں قتل، اقدامِ قتل اور دیگر دفعات (302، 324 اور 34 تعزیراتِ پاکستان) کے تحت مطلوب تھا۔

 

ترجمان کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر دیر بالا اسلم نواز خان کی ہدایات پر ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد الیاس خان نے متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطہ کاری اور مسلسل پیروی کے ذریعے ملزم کی گرفتاری کے لیے اقدامات کیے، جس کے نتیجے میں اسے انٹرپول کے ذریعے گرفتار کرکے پاکستان منتقل کیا گیا۔

 

پولیس کے مطابق ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔