پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے وادی تیراہ کے 500 متاثرہ افراد میں امدادی پیکیج تقسیم کیے۔
اس موقع پر کمانڈنٹ باڑہ رائفلز عامر توصیف، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریلیف ضلع خیبر ارشاد مہمند، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر باڑہ امان اللہ، ڈی ایس پی باڑہ ملک اکبر آفریدی، وادی تیراہ کی 24 رکنی کمیٹی کے اراکین مولانا حضرت خان، کمال الدین اور اکبر خان سمیت علاقائی مشران اور دیگر عمائدین بھی موجود تھے۔

متاثرین اور علاقائی مشران سے خطاب کرتے ہوئے شاہد خان آفریدی نے کہا کہ وادی تیراہ کے عوام نے دہشت گردی کے خلاف جنگ اور ملک کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں، جنہیں فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین کی مشکلات کم کرنے اور ضروریات پوری کرنے کے لیے شاہد آفریدی فاؤنڈیشن ہر ممکن امداد فراہم کرے گی۔
انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں پر زور دیا کہ وادی تیراہ کے متاثرین کے لیے خصوصی امدادی پیکیجز کا اعلان کیا جائے اور علاقے میں تعلیم، صحت، پینے کے صاف پانی اور سڑکوں سمیت بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔
شاہد خان آفریدی نے مزید کہا کہ متاثرین کی اپنے علاقوں میں واپسی سے قبل ہسپتالوں، نادرا مراکز اور تعلیمی اداروں کو فوری طور پر فعال بنایا جائے تاکہ واپسی کے بعد انہیں بنیادی سہولیات کے حصول میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
