خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ کے قریب درابو کچ میں غیر قانونی سونے کی کان کنی کے خلاف پولیس اور مقامی سول انتظامیہ نے مشترکہ آپریشن کیا۔ کارروائی مکمل کرکے واپس آنے والی پولیس پارٹی پر حملہ آوروں نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں خیبر پختونخوا پولیس کے 10 اہلکار شہید ہوگئے جبکہ جوابی کارروائی میں 18 حملہ آور مارے گئے۔
خیبر پختونخوا پولیس کے ترجمان کے مطابق حملہ آوروں کا تعلق فتنہ الخوارج سے تھا اور انہوں نے مبینہ طور پر جرائم پیشہ عناصر کے ایما پر پولیس پارٹی کو نشانہ بنایا۔ پولیس نے دعویٰ کیا کہ جرائم پیشہ مافیا اور شدت پسند عناصر کے درمیان منظم روابط موجود ہیں اور یہ گروہ غیر قانونی سرگرمیوں میں ایک دوسرے کی مدد کر رہے ہیں۔
پولیس نے کہا ہے کہ بیرونی پشت پناہی میں کام کرنے والے جرائم پیشہ عناصر اور فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور ان کے سہولت کاروں کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ پولیس کے مطابق شہید ہونے والے اہلکاروں کا تعلق خیبر پختونخوا، بالخصوص ضلع کوہاٹ سے تھا۔
