ثاقب الرحمان
خیبر پختونخوا کے ضلع نوشہرہ کے علاقے اکوڑہ خٹک کے سرکاری پرائمری اسکول سید اکبر کورونہ میں بزرگ شہری کی موت سے متعلق پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی، جس میں موت کی وجہ ہارٹ اٹیک قرار دی گئی ہے۔
چند روز قبل اسکول میں معمولی تلخ کلامی کے بعد بزرگ شہری کی موت ہوئی تھی، جس کے بعد اسکول کے پرنسپل اعجاز الرحمٰن پر اینٹ یا پتھر مار کر انہیں قتل کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ واقعے کے بعد پولیس نے پرنسپل کو گرفتار کرلیا تھا۔
.jpg)
تاہم پوسٹ مارٹم رپورٹ میں موت کی وجہ دل کا دورہ بتائی گئی ہے، جبکہ پرنسپل پر تشدد اور اینٹ مارنے کے الزامات کی بھی تردید کی جا رہی ہے۔
دستیاب محکمانہ دستاویزات کے مطابق اسکول کے چوکیدار نیاز اکبر کا اس سے قبل بھی پرنسپل اعجاز الرحمٰن کے ساتھ تنازع ہوچکا تھا۔ بعدازاں دونوں کے درمیان راضی نامہ طے پایا، جس کے بعد محکمہ تعلیم نے چوکیدار کو انڈر کریمنل ایکٹ کے تحت دوسری جگہ منتقل کردیا تھا۔
موجودہ واقعے کے بعد مبینہ طور پر چوکیدار، اس کے بھائیوں اور دیگر افراد نے اسکول میں ہنگامہ آرائی کی اور عمارت کو آگ لگانے کی کوشش بھی کی۔ اطلاعات کے مطابق تقریباً 200 افراد پر مشتمل مشتعل ہجوم کے درمیان سے پرنسپل اعجاز الرحمٰن کو بحفاظت نکالا گیا۔
واقعے کے مختلف پہلوؤں کے پیش نظر مقامی لوگوں کا مطالبہ ہے کہ حکومت اور متعلقہ ادارے پوسٹ مارٹم رپورٹ، ویڈیو شواہد، عینی شاہدین کے بیانات اور محکمانہ ریکارڈ کی روشنی میں غیرجانبدارانہ تحقیقات کریں، جبکہ ہنگامہ آرائی میں ملوث افراد کا بھی تعین کیا جائے۔
