پشاور: خیبر پختونخوا کے علاقے باڑہ شیخان میں پولیس نے کارروائی کے دوران کالعدم تحریک طالبان  سے وابستہ  مطلوب کمانڈر سیف اللہ کو مار دیا۔ سی ٹی ڈی ریکارڈ کے مطابق وہ متعدد سنگین مقدمات میں مطلوب اشتہاری تھا اور سکیورٹی چیک پوسٹوں سمیت جمرود کے علاقے علی مسجد میں دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) حملوں میں ملوث تھا۔

 

سی ٹی ڈی کے مطابق سیف اللہ گرفتاری سے بچنے کے لیے گزشتہ تین سال سے افغانستان میں مقیم تھا اور حال ہی میں دہشت گردوں کے ایک گروہ کا کمانڈر مقرر ہونے کے بعد کارروائیوں کی غرض سے پاکستان آیا تھا۔ پولیس کارروائی کے دوران اس کی جانب سے کیے گئے گرینیڈ حملے میں دو اہلکار معمولی زخمی ہوئے، جنہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کر دی گئی۔

 

انسپکٹر جنرل پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے مطلوب کمانڈر کے خلاف کارروائی کرنے والے پولیس اہلکاروں کی تعریف کی۔ ان کا کہنا تھا کہ کمانڈر کو مار کر سیکڑوں معصوم جانوں کو بچانے والے اہلکار قوم کا اثاثہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو آخری دہشت گرد سے پاک کرنے تک آپریشنز اور کارروائیاں جاری رہیں گی۔