خیبرپختونخوا میں زمینوں کی رجسٹری اور انتقال کے عمل کو شفاف اور تیز رفتار بنانے کے لیے ای رجسٹری، لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے درمیان ڈیجیٹل انضمام کا باضابطہ افتتاح کر دیا گیا۔

 

اس سلسلے میں چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر محمد فخر عالم عرفان اور مشیر برائے خزانہ و محصولات طارق محمود پاشا نے نئے ڈیجیٹل نظام کا افتتاح کیا۔

 

نئے نظام کے تحت زمین کی رجسٹری سے انتقال تک کا پورا عمل خودکار بنایا جائے گا، جس سے کارروائی میں تیزی آئے گی اور شفافیت کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔

 

ڈیجیٹل نظام کے ذریعے انتقال کی تیاری، بائیومیٹرک تصدیق اور انتقال نمبر کا اندراج خودکار طور پر ممکن ہوگا، جبکہ بے ضابطگیوں کی روک تھام بھی اس منصوبے کا اہم مقصد ہے۔

 

کمپیوٹرائزڈ لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم کو ایف بی آر سے منسلک کرنے کے بعد زمین کے انتقال پر عائد وفاقی ٹیکسوں کی ادائیگی آن لائن کی جا سکے گی۔ اس کے علاوہ ٹیکس کی ادائیگی کی تصدیق بھی براہ راست ایف بی آر کے ذریعے ہوگی۔

 

نئے طریقہ کار کے تحت ہر انتقال کے ساتھ متعلقہ ٹیکس کی ادائیگی کا ریکارڈ منسلک کیا جائے گا، جس سے مالی معاملات میں شفافیت برقرار رکھنے میں مدد ملے گی۔

حکام کے مطابق اس ڈیجیٹل نظام سے شہریوں کو رجسٹری اور انتقال کے لیے بار بار سرکاری دفاتر کے چکر لگانے اور غیر ضروری انتظار کی زحمت سے بھی نجات ملے گی۔