راولپنڈی ٹیسٹ کے چوتھے روز ڈیبیو کرنے والے فاسٹ بولر ثاقب خان نے 130 رنز دے کر سات وکٹیں حاصل کیں، جس کی بدولت پاکستان نے سری لنکا کو پہلی اننگز میں 446 رنز پر آؤٹ کر دیا۔ مہمان ٹیم کو پہلی اننگز میں پاکستان پر صرف 12 رنز کی برتری حاصل ہوئی۔

 

سری لنکا نے چوتھے روز اپنی پہلی اننگز کا آغاز 4 وکٹوں کے نقصان پر 404 رنز سے کیا، تاہم ثاقب خان نے شاندار سوئنگ بولنگ سے مہمان ٹیم کو مشکلات سے دوچار کر دیا۔ سری لنکا نے اپنی آخری چھ وکٹیں صرف 42 رنز کے اضافے پر گنوا دیں۔

 

ثاقب خان نے مسلسل آٹھ اوورز کے اسپیل میں 25 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے دن کی پانچویں گیند پر دھننجایا ڈی سلوا کو 167 رنز پر آؤٹ کرکے 249 رنز کی شراکت ختم کی، جبکہ وکٹ کیپر غازی غوری نے کیچ پکڑ کر سری لنکن کپتان کوشل مینڈس کی 119 رنز کی اننگز کا خاتمہ کیا۔

ثاقب خان نے ریویو کے ذریعے اسیتھا فرنینڈو کو بھی وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ کرایا۔ اس کے ساتھ ہی غازی غوری نے اننگز میں اپنا چھٹا کیچ مکمل کیا۔ ثاقب خان پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ ڈیبیو کی ایک اننگز میں سات وکٹیں حاصل کرنے والے چوتھے بولر بن گئے۔ ان سے پہلے محمد نذیر، محمد زاہد اور ابرار احمد یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔

 

سری لنکا کی جانب سے اسیتھا فرنینڈو نے طیب عارف کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کرکے پاکستان کو دوسری اننگز میں ابتدائی نقصان پہنچایا۔  پاکستان نے ایک وکٹ کے نقصان پر 39 رنز بنائے  اور مجموعی برتری 27 رنز ہوگئی ۔ اذان اویس 16 اور محمد طحہ 12 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہے ۔