پاکستان محکمہ موسمیات نے خیبر پختونخوا سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ پہاڑوں پر برف باری کی پیش گوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ 12 نومبر کو مزید شدت اختیار کرے گا اور 14 نومبر کی صبح تک بالائی علاقوں میں اثر انداز رہنے کا امکان ہے۔

 

پیش گوئی کے مطابق خیبر پختونخوا کے سوات، دیر، چترال، شانگلہ، کوہستان، بونیر، مالاکنڈ، پشاور، مردان اور دیگر اضلاع میں وقفے وقفے سے بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔ اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور پنجاب کے دیگر علاقوں میں بھی 12 اور 13 نومبر کو بارش اور گرج چمک متوقع ہے، جبکہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں برف باری ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کے اس سلسلے کے دوران دن کے درجہ حرارت میں 2 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ کمی متوقع ہے، جبکہ بارش کے بعد میدانی علاقوں میں بعض مقامات پر دھند بھی چھا سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات نے متعلقہ اداروں کو احتیاطی اقدامات کرنے اور کسانوں کو موسمی حالات کے مطابق زرعی سرگرمیاں ترتیب دینے کی ہدایت کی ہے۔