اسلام آباد: حکومت نے ملک بھر کی بجلی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) میں اسمارٹ میٹرز نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے لیے عالمی مالیاتی اداروں سے اربوں ڈالر کے قرضے حاصل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

 

سرکاری اعلامیے کے مطابق وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور و اسٹیبلشمنٹ ڈویژن احد چیمہ کی زیر صدارت بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں ان کے ترقیاتی منصوبوں اور مالی ضروریات کا جائزہ لیا گیا۔

 

اجلاس میں تمام ڈسکوز کے ٹرانسفارمرز پر اسمارٹ میٹرز کی تنصیب کے لیے فنڈز کے انتظام سے متعلق اقتصادی امور ڈویژن کی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

حکومت اس منصوبے کے لیے عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) سے مذاکرات کرے گی تاکہ مالی معاونت حاصل کرکے ملک بھر میں اسمارٹ میٹرز کی تنصیب ممکن بنائی جا سکے۔