ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے روڈی خیل سے دو ٹیوب ویل آپریٹرز کو اغوا کر لیا گیا، جس کے خلاف لواحقین اور علاقہ مکینوں نے احتجاج کرتے ہوئے صدرہ موڑ کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا۔ مظاہرین نے مغویوں کی فوری بازیابی اور اغوا کاروں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔

 

پولیس کے مطابق اغوا ہونے والے دونوں افراد عصمت اللہ اور سمیع اللہ آپس میں بھائی ہیں اور ٹیوب ویل آپریٹرز کے طور پر کام کرتے ہیں۔

 

یہ بھی پڑھیے: خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی دور کے 74 قوانین کا جائزہ لینے کے لیے کمیٹی قائم

 

واقعے کے بعد مقامی پولیس موقع پر پہنچ گئی ہے اور مظاہرین و مغویوں کے لواحقین سے مذاکرات جاری ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مغویوں کی بازیابی اور اغوا کاروں کا سراغ لگانے کے لیے تفتیش کی جا رہی ہے۔

 

واضح رہے کہ آٹھ روز قبل تحصیل پروآ سے دو بسوں میں سوار تقریباً 22 افراد کو اغوا کیا گیا تھا، جن میں مقامی شوگر ملز کے 17 ملازمین بھی شامل تھے۔ تاہم، مغویوں کی تاحال بازیابی ممکن نہیں ہو سکی۔