خیبرپختونخوا پولیس نے ڈرون یونٹ اور اینٹی ڈرون نظام کو سیف سٹی منصوبے سے منسلک کر دیا ہے، جس کے ذریعے مشکوک ڈرونز کی نشاندہی، حساس مقامات کی فضائی نگرانی اور ڈرون آپریشنز کی براہ راست مانیٹرنگ ممکن ہوگی۔ پولیس حکام کے مطابق ملک میں پہلی بار ڈرون یونٹ اور اینٹی ڈرون نظام کو سیف سٹی منصوبے کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اینٹی ڈرون نظام اپنے ریڈار کی حدود میں اڑنے والے ڈرونز کی نگرانی کرے گا، جبکہ کوئی مشکوک ڈرون ریڈار کی حدود میں داخل ہوتے ہی سیف سٹی کے مرکزی کنٹرول روم کو الرٹ موصول ہوگا۔ پشاور میں نصب ہر اینٹی ڈرون نظام پانچ کلومیٹر کے علاقے کا احاطہ کرے گا۔
یہ بھی پڑھیے: پشاور: زہریلی مشروم کھانے سے تین بہن بھائی جاں بحق، ایل آر ایچ کے آئی سی یو میں بیڈ نہ ملنے کا والد کا الزام
نئے نظام کے تحت ڈرون اور اینٹی ڈرون ٹیکنالوجی کو سیف سٹی کے مرکزی کنٹرول روم سے براہ راست منسلک کیا گیا ہے، جس سے امن و امان کی صورتحال کے دوران حفاظتی اور دفاعی حکمت عملیوں پر عمل درآمد میں مدد ملے گی۔
پولیس حکام کے مطابق ڈرون یونٹس کے ذریعے حساس مقامات، ٹریفک کی صورتحال اور جرائم کی 24 گھنٹے فضائی نگرانی میں بھی مدد ملے گی، جبکہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے دہشت گردوں، جرائم پیشہ عناصر اور مشکوک سرگرمیوں کی بروقت نشاندہی ممکن ہو سکے گی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پشاور کے علاوہ ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں اور لکی مروت میں بھی سیف سٹی منصوبوں کے ساتھ ڈرون نگرانی کا نظام فعال ہوگا۔ اس نظام کے ذریعے صوبے کے مختلف علاقوں میں ہونے والی فضائی نگرانی اور ڈرون آپریشنز کو کنٹرول روم سے براہ راست دیکھا جا سکے گا۔
