شانگلہ کی تحصیل پورن کے علاقے الوچ میں پل کا لینٹر گرنے کے واقعے میں دو افراد جاں بحق اور چھ زخمی ہوئے، جس کا ڈپٹی کمشنر شانگلہ نے نوٹس لیتے ہوئے باقاعدہ انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے اعلامیے کے مطابق واقعہ گزشتہ روز شام تقریباً 4:45 پر پیش آیا، جس میں مجموعی طور پر آٹھ افراد متاثر ہوئے۔ واقعے کی تحقیقات کے لیے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) اور اسسٹنٹ کمشنر مارتونگ کو انکوائری افسران نامزد کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: خیبرپختونخوا پولیس کا ڈرون اور اینٹی ڈرون نظام سیف سٹی منصوبے سے منسلک
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ انکوائری افسران کو واقعے کی مکمل تحقیقات کرکے 24 گھنٹوں کے اندر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پورن بازار الوچ کے نیم کلے پل پر نور محمد پلازہ کے لینٹر پر متعدد افراد کھڑے تھے کہ اچانک لینٹر گر گیا، جس کے نتیجے میں وہاں موجود افراد نیچے ندی میں جا گرے۔ واقعے میں ایک بچے سمیت دو افراد جاں بحق جبکہ چھ دیگر زخمی ہوگئے۔
