الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات میں تاخیر سے متعلق کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے ان اضلاع میں فوری انتخابات کرانے کا حکم دیا ہے جہاں حلقہ بندیاں مکمل ہوچکی ہیں۔

 

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں کیس کی سماعت مکمل ہونے کے بعد الیکشن کمیشن نے محفوظ فیصلہ جاری کیا۔ فیصلے میں صوبائی حکومت اور متعلقہ اداروں کو انتخابات کے انعقاد کے لیے ضروری انتظامات فوری مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

 

خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کا معاملہ مقامی حکومتوں کی مدت ختم ہونے کے بعد سے زیر التوا ہے۔ پہلے مرحلے میں منتخب ہونے والے بلدیاتی اداروں کی چار سالہ مدت مارچ 2026ء جبکہ دوسرے مرحلے کے اداروں کی مدت جون 2026ء میں ختم ہوگئی تھی۔

 

یہ بھی پڑھیے: آئی سی سی نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر حارث رؤف پر جرمانہ عائد کر دیا

 

الیکشن کمیشن کے مطابق صوبائی حکومت کی جانب سے بلدیاتی قوانین میں ترامیم کے باعث حلقہ بندیوں کا عمل متاثر ہوا۔ کمیشن نے جولائی میں بھی کہا تھا کہ وہ انتخابات کرانے کے لیے تیار ہے، تاہم قانونی اور انتظامی مسائل کے باعث انتخابی عمل آگے نہ بڑھ سکا۔

 

صوبائی حکومت نے امن و امان کی صورت حال، بعض علاقوں میں فوج کی تعیناتی اور انتظامی مسائل کا حوالہ دیتے ہوئے 12 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست بھی دی تھی۔

 

گزشتہ روز سماعت کے دوران الیکشن کمیشن حکام نے بتایا کہ صوبے کے 23 اضلاع میں حلقہ بندیوں کا عمل مکمل ہوچکا ہے۔ اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے سوال اٹھایا کہ جن اضلاع میں حلقہ بندیاں مکمل ہیں، وہاں انتخابات کرانے میں کیا رکاوٹ ہے۔ سماعت کے بعد کمیشن نے فیصلہ محفوظ کرلیا تھا، جو آج جاری کردیا گیا۔