پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان جاری سہ ملکی سیریز کے پانچویں میچ میں قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن بری طرح ناکام ہوگئی۔ قذافی اسٹیڈیم میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، تاہم پوری ٹیم 25.3 اوورز میں صرف 110 رنز بنا سکی۔
پاکستان کی جانب سے بابر اعظم 29 رنز کے ساتھ سب سے زیادہ اسکور بنانے والے کھلاڑی رہے۔ فخر زمان 5، معاذ صداقت 8، سعد بیگ 5 اور سلمان علی آغا 9 رنز بنا سکے۔ گزشتہ میچ میں انگلینڈ کے خلاف سنچری بنانے والے شاداب خان بھی صرف 2 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔
پاکستان کی تیسری وکٹ 46 رنز پر گری جبکہ 64 رنز تک 6 کھلاڑی پویلین واپس جا چکے تھے۔ عرفات منہاس نے 10، حسن نواز نے 17، حارث رؤف نے ایک، شاہین آفریدی نے 15 اور نسیم شاہ نے 2 رنز بنائے۔ اس طرح پاکستان کی پوری اننگز 110 رنز پر ختم ہوگئی۔
