پشاور کے علاقے شادمان کالونی میں ڈاکٹر کے گھر چوری کی واردات میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان سے مجموعی طور پر ایک کروڑ 20 لاکھ روپے برآمد کیے گئے ہیں، جن میں سونے کے زیورات فروخت کرکے حاصل ہونے والی رقم بھی شامل ہے۔

 

کیپیٹل سٹی پولیس پشاور کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت محمد علی ولد محمد امین، سکنہ چارسدہ، اور محمود احمد ولد مشتاق احمد، سکنہ گلبہار کے نام سے ہوئی ہے۔

 

یہ بھی پڑھیے: سہ ملکی سیریز کے پانچویں میچ میں پاکستانی بیٹرز بے بس، صرف 110 رنز بنا سکے

 

پولیس کے مطابق 29 اگست 2026 کو ڈاکٹر محمد زین ولد محمد رفیق کے شادمان کالونی میں واقع گھر سے 50 لاکھ روپے نقد، 4 ہزار 500 سعودی ریال اور 41 تولے سونے کے زیورات چوری کیے گئے تھے۔ واقعے کا مقدمہ ڈاکٹر محمد زین کی مدعیت میں تھانہ مچنی گیٹ میں درج کیا گیا تھا۔

 

پولیس حکام نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری اور مال مسروقہ کی برآمدگی کے لیے ایس پی ورسک ڈویژن طیب جان کی نگرانی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی۔ ٹیم میں ڈی ایس پی ورسک سرکل ارباب نعیم حیدر، ایس ایچ او تھانہ مچنی گیٹ عثمان خان اور تفتیشی افسران شامل تھے۔

 

پولیس کے مطابق ٹیم نے جدید سائنسی اور تکنیکی بنیادوں پر تفتیش کرتے ہوئے متعدد مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کی، جس کے نتیجے میں مبینہ طور پر واردات میں ملوث دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

 

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے، جس کے دوران مزید برآمدگی اور اہم انکشافات کی توقع ہے۔