پشاور کے حیات آباد اسپورٹس کمپلیکس میں منعقدہ زلمی مدرسہ لیگ کے ساتویں ایڈیشن کا ٹائٹل انوینسیبلز نے اپنے نام کرلیا۔ فائنل میں انوینسیبلز نے ایگلز کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
ٹورنامنٹ میں 15 مدارس کی ٹیموں نے شرکت کی، جہاں مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے مدارس کے طلبہ نے مل جل کر کرکٹ مقابلوں میں حصہ لیا۔ اس ایونٹ میں مذہبی رواداری، باہمی ہم آہنگی، اتحاد اور کھیلوں کے فروغ کا پیغام اجاگر کیا گیا۔
فائنل میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ایگلز نے چھ وکٹوں کے نقصان پر 110 رنز بنائے۔ ایگلز کی جانب سے مبین نے 33 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی، جبکہ شاہد نے 18 اور رضوان نے 15 رنز بنائے۔
یہ بھی پڑھیے: خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق الیکشن کمیشن نے کیا حکم دیا؟
جواب میں انوینسیبلز نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سات اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 114 رنز بنا کر ہدف حاصل کرلیا۔ انوینسیبلز کی جانب سے بہار علی نے 65 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جبکہ نوید عالم نے 26 رنز بنا کر ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب میں مولانا طیب قریشی، مشیر برائے اوقاف و مذہبی امور، ثمر ہارون بلور، مشیر برائے اطلاعات، حکومتِ خیبر پختونخوا، اور میاں عباس لائق، چیف آپریٹنگ آفیسر پشاور زلمی، نے بطور مہمانانِ خصوصی شرکت کی۔ مہمانانِ خصوصی نے فاتح ٹیم کو چیمپئن ٹرافی اور رنر اَپ ٹیم کو رنر اَپ ٹرافی پیش کی، جبکہ کھلاڑیوں میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔
اس موقع پر مولانا طیب قریشی اور ثمر ہارون بلور نے پشاور زلمی کو کامیاب ٹورنامنٹ کے انعقاد پر مبارک باد دی اور اس کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ زلمی مدرسہ لیگ جیسے ایونٹس مدارس کے طلبہ کو اپنی صلاحیتیں منوانے اور کھیلوں کے ذریعے آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرتے ہیں۔
پندرہ مدارس کے طلبہ کی مشترکہ شرکت مذہبی رواداری، اتحاد اور باہمی احترام کی بہترین مثال ہے۔ ایسے اقدامات سے خیبر پختونخوا اور مدارس کی مثبت شناخت کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے جاوید آفریدی کے وژن اور پشاور زلمی کی کوششوں کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا۔
پشاور زلمی کے چیف آپریٹنگ آفیسر میاں عباس لائق نے کہا کہ جاوید آفریدی کے وژن کے مطابق پشاور زلمی کی جانب سے زلمی مدرسہ لیگ کے سات ایڈیشن منعقد کیے جاچکے ہیں۔ اس سے قبل یہ ایونٹ لاہور، کوئٹہ، وزیرستان، کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت مختلف علاقوں میں منعقد کیا گیا، جبکہ پشاور میں بھی اس کا کامیاب انعقاد کیا گیا ہے۔
میاں عباس لائق نے کہا کہ پشاور زلمی کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں میں حصہ لینے کے مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں سندھ، خصوصاً کراچی، میں بھی زلمی مدرسہ لیگ منعقد کی جائے گی تاکہ مزید علاقوں کے نوجوانوں اور مدارس کے طلبہ کو کھیلوں کے مواقع فراہم کیے جاسکیں۔
زلمی مدرسہ لیگ کا بنیادی مقصد مدارس کے طلبہ میں کرکٹ کو فروغ دینا، نوجوان ٹیلنٹ کو سامنے لانا اور کھیلوں کے ذریعے نظم و ضبط، ٹیم ورک اور مثبت سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے طلبہ کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرکے یہ لیگ مذہبی رواداری، باہمی ہم آہنگی اور اتحاد کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔ ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد کے ساتھ زلمی مدرسہ لیگ کا ساتواں ایڈیشن اختتام پذیر ہوگیا۔
