خیبرپختونخوا میں ایم پاکس کے مریضوں کی تعداد بڑھنے لگی، 3 روز میں مزید 4 کیسز سامنے آگئے

خیبرپختونخوا میں ایم پاکس کے نئے کیسز سامنے آنے کا سلسلہ جاری ہے۔

 

محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ معلومات کے مطابق گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران صوبے میں مزید 4 افراد میں ایم پاکس وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، جس کے بعد خیبرپختونخوا میں رپورٹ ہونے والے کیسز کی مجموعی تعداد 18 تک پہنچ گئی ہے۔

 

یہ بھی پڑھیں:خیبرپختونخوا میں ڈینگی کے کیسز میں اضافہ جاری، سب سے زیادہ متاثرہ ضلع کون سا ہے؟

 

محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں سب سے زیادہ 5 کیسز پشاور میں سامنے آئے ہیں، جبکہ اس بیماری سے ایک شخص کی موت بھی رپورٹ ہوئی ہے۔

 

صحت حکام کا کہنا ہے کہ ایم پاکس کی علامات میں بخار، سر اور جسم میں درد کے علاوہ جلد پر دانے اور چھالے ظاہر ہونا شامل ہیں۔ 

 

شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وائرس سے محفوظ رہنے کے لیے متاثرہ افراد کے ساتھ قریبی جسمانی رابطے سے پرہیز کریں۔

 

یاد رہے کہ منکی پاکس، جسے اب طبی طور پر ایم پاکس (Mpox) کہا جاتا ہے، ایک وائرل بیماری ہے۔ یہ وائرس کی وجہ سے ہوتی ہے اور انسانوں میں جلد پر دانے، چھالے یا زخم پیدا کر سکتی ہے۔ اس کے ساتھ بخار، سر درد، پٹھوں میں درد اور غدود کی سوجن بھی ہو سکتی ہے۔