خان وزیر 

 

شمالی اور جنوبی وزیرستان اپر کے سرحدی علاقے نیوژ میر میں اراضی کے تنازع پر وزیر اور محسود اقوام کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی۔ انتظامیہ اور پولیس کی مداخلت پر فائرنگ رکوا دی گئی، جبکہ دونوں فریقین کے درمیان تنازع حل کرنے کے لیے مذاکرات آج صبح متوقع ہیں۔

 

ذرائع کے مطابق ڈپٹی کمشنر محمد تیمور کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر رزمک طفیل محمد اور ڈی ایس پی رزمک جمشید خان کی نگرانی میں ایس ایچ او رزمک شاذید خان اور نائب تحصیلدار رزمک شیر بہادر نے موقع پر پہنچ کر دونوں فریقین سے رابطہ کیا اور مذاکرات کے ذریعے فائرنگ رکوانے میں کردار ادا کیا۔

 

یہ بھی پڑھیے: نوشہرہ: نظام پور کوہاٹ روڈ پر محرر سمیت 3 پولیس اہلکار مبینہ طور پر اغوا

 

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکام نے وزیر فریق سے آج صبح 10 بجے تک فائرنگ نہ کرنے کی یقین دہانی حاصل کی، جبکہ ایس ایچ او مکین عطاء اللہ محسود اور ان کی ٹیم نے محسود فریق سے بھی رابطہ کیا، جس کے بعد اس فریق نے تحریری طور پر یقین دہانی کرائی کہ آج صبح 10 بجے تک فائرنگ نہیں کی جائے گی اور کشیدگی سے گریز کیا جائے گا۔

 

 

پولیس ذرائع کے مطابق دونوں فریقین کے درمیان آج صبح 10 بجے مذاکرات متوقع ہیں، جن میں اراضی کے تنازع کو باہمی مشاورت سے پرامن طریقے سے حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

 

دوسری جانب مقامی ذرائع نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ دوبارہ فائرنگ یا بھاری ہتھیاروں کے استعمال کا خطرہ موجود ہے۔ انتظامیہ اور مقامی مشران سے توقع کی جا رہی ہے کہ وہ صورتحال پر نظر رکھیں گے اور کشیدگی روکنے کے لیے دونوں فریقین کے درمیان رابطہ برقرار رکھیں گے۔