محکمہ اوقاف، مذہبی و اقلیتی امور خیبرپختونخوا کی جانب سے اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے طلباء و طالبات میں تعلیمی اسکالرشپس تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں مشیر اوقاف مولانا طیب قریشی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں سیکرٹری اوقاف محمد ادریس، ایڈیشنل سیکرٹری حبیب خان، بشپ ارنسٹ جیکب اور اقلیتی برادری کے دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

 

تقریب کے دوران اقلیتی طلباء و طالبات میں مجموعی طور پر 3 کروڑ 87 لاکھ روپے کے تعلیمی اسکالرشپس تقسیم کیے گئے۔ خطاب کرتے ہوئے مولانا طیب قریشی نے کہا کہ حکومت اقلیتی طلباء و طالبات کو اعلیٰ تعلیم کے حصول میں معاونت فراہم کر رہی ہے تاکہ انہیں تعلیمی مواقع تک مساوی رسائی حاصل ہو اور ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں مدد ملے۔

 

انہوں نے بتایا کہ انٹرمیڈیٹ کے 240 طلباء و طالبات کو فی کس 60 ہزار روپے، بی ایس کے 120 طلباء و طالبات کو 80 ہزار روپے، پروفیشنل ڈگریوں کے 80 طلباء و طالبات کو ایک لاکھ روپے جبکہ ایم فل کے 20 طلباء و طالبات کو فی کس ڈیڑھ لاکھ روپے اسکالرشپ دی جا رہی ہے۔ اسی طرح پی ایچ ڈی اسکالرز کے لیے فی کس ڈھائی لاکھ روپے تک اسکالرشپ فراہم کی جائے گی۔

 

مولانا طیب قریشی کا کہنا تھا کہ اقلیتی نوجوانوں کے لیے جلد لیپ ٹاپ تقسیم کیے جائیں گے جبکہ ان کی استعداد بڑھانے کے لیے ڈیجیٹل مہارتوں اور کوچنگ پروگرام بھی متعارف کرائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا بین المذاہب ہم آہنگی کے حوالے سے ایک مثالی صوبہ ہے اور حکومت اقلیتی برادری کے تعلیمی، سماجی اور دیگر حقوق کے تحفظ کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔

 

مشیر اوقاف نے جبری مذہب تبدیلی کی اجازت نہ دینے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اقلیتی برادری نے پاکستان کے لیے اہم خدمات انجام دی ہیں اور مشکل وقت میں پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی رہی ہے۔