خیبر پختونخوا کے ضلع مردان میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کمپوزٹ سرکل نے صوبائی ڈرگ انسپکٹرز کے ہمراہ غیر رجسٹرڈ، انڈین ساختہ اور مبینہ جعلی ادویات کی آن لائن فروخت اور ترسیل کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں ادویات برآمد کر لیں۔
ایف آئی اے کے مطابق کارروائی مصدقہ خفیہ اطلاع پر کی گئی، جس کے دوران ٹیم نے مردان میں نجی کوریئر سروس پوسٹ ایکس (PostEx) کے دفتر سے ترسیل کے لیے بک کرائی گئی ادویات قبضے میں لے لیں۔
کوریئر ریکارڈ کی مدد سے بھیجنے والے کی شناخت کے بعد ایف آئی اے ٹیم نے باغیچہ ڈھیری مردان میں مبینہ فروخت کنندہ زاہد حسین کے ٹھکانے پر چھاپہ مارا، جہاں سے غیر رجسٹرڈ، انڈین ساختہ اور مبینہ جعلی ادویات کی بھاری مقدار برآمد ہوئی۔
.jpg)
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم فیس بک اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اسمارٹ ہیلر (Smart Healer) کے نام سے صفحات چلا کر ادویات کی تشہیر اور فروخت کر رہا تھا۔ کارروائی کے دوران اسمارٹ ہیلر فارماسیوٹیکلز کے نام سے تیار کردہ پیکنگ اسٹیکرز بھی برآمد کیے گئے۔
برآمد شدہ ادویات کے نمونے کیمیائی تجزیے کے لیے ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری (DTL) بھجوا دیے گئے ہیں۔ حکام کے مطابق لیبارٹری رپورٹ آنے کے بعد مزید قانونی کارروائی اور تفصیلی انکوائری کی جائے گی۔
ایف آئی اے حکام نے غیر قانونی ادویات کی تیاری، فروخت اور ترسیل میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
