اسلام آباد: پاکستان اور چین کے مشترکہ خلائی پروگرام کے تحت پاکستانی خلا باز شین ژو 24 مشن کے ذریعے چین کے خلائی اسٹیشن جائیں گے، جہاں وہ سائنسی تجربات میں حصہ لیں گے۔ اس مشن کو پاکستان کے خلائی تحقیق کے پروگرام میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

 

پاکستان کی خلائی ایجنسی سپارکو کے مطابق پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی مشن میں سائنسی ماہر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں گے۔ مشن کے لیے روانگی سے قبل تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور اس حوالے سے چین سے پاکستانی خلا باز کی میڈیا بریفنگ بھی براہ راست نشر کی جائے گی۔

 

یہ مشن پاکستان اور چین کی خلائی ایجنسیوں کے اشتراک سے انجام دیا جائے گا، جس کے دوران پاکستانی خلا باز چین کے خلائی اسٹیشن پر سائنسی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے۔

 

سپارکو کے مطابق پاکستانی خلا باز تقریباً ایک ہفتہ خلا میں قیام کے بعد زمین پر واپس آئیں گے۔ یہ پیش رفت پاکستان کے خلائی تحقیق اور سائنسی تعاون کے پروگرام کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔