پشاور: قومی احتساب بیورو (نیب) نے کوہستان مالیاتی اسکینڈل میں 37 ارب روپے سے زائد کی مبینہ خردبرد کا ریفرنس احتساب عدالت میں جمع کرا دیا ہے، جس میں 141 ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے۔
نیب کے مطابق ریفرنس 77 والیمز اور 36 ہزار سے زائد صفحات پر مشتمل ہے۔ اسکینڈل میں اب تک 32 سے زائد ملزمان گرفتار کیے جا چکے ہیں، جبکہ 12 ملزمان نے پلی بارگین کی ہے۔ نیب کا کہنا ہے کہ اس کیس میں 6 ارب روپے سے زائد کی ریکوری بھی کی جا چکی ہے۔
یاد رہے کہ 6 نومبر 2025 کو احتساب عدالت نے اپر کوہستان میں 37 ارب روپے سے زائد کی مبینہ خردبرد کے مقدمے میں گرفتار 8 ملزمان کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیا تھا۔
نیب کی تحقیقات کے مطابق محکمہ مواصلات و تعمیرات (سی اینڈ ڈبلیو)، اکاؤنٹس آفس اور نیشنل بینک کے بعض اہلکاروں نے مبینہ ملی بھگت سے قومی خزانے سے جعلی ادائیگیاں کیں۔ الزام ہے کہ اکاؤنٹ نمبر G-10113 کے ذریعے سیکیورٹی ڈپازٹ کی مد میں 37 ارب روپے سے زائد کی رقم غیر قانونی طور پر نکالی گئی۔
