پشاور میں شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور اسٹریٹ کرائمز کے خاتمے کے لیے جاری آپریشن سٹریٹ فائٹ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگیا، مختلف تھانوں کی حدود میں پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے کے دوران 2 مبینہ خطرناک سنیچرز ہلاک جبکہ 2 زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے۔
کیپٹل سٹی پولیس پشاور کے مطابق کارروائیاں تھانہ پہاڑی پورہ، بھانہ ماڑی، پشتخرہ اور شاہ پور کی حدود میں کی گئیں، جہاں شہریوں کو لوٹنے اور فائرنگ کرنے والے مبینہ سنیچرز کے خلاف کارروائی کی گئی۔
پولیس کے مطابق ہلاک ملزمان کی شناخت زیشان ولد شاہی رضا سکنہ یکہ توت اور عرفان ولد عبدالقہار سکنہ گل آباد کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ زخمی حالت میں گرفتار ملزمان میں عرفان ولد محمد سلیم اور نوید عرف خانو ولد عبدالمجید شامل ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کارروائیوں کے دوران ملزمان کے قبضے سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کیا گیا، جبکہ ہلاک اور زخمی حالت میں گرفتار ملزمان متعدد سنگین وارداتوں اور مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھے۔
کیپٹل سٹی پولیس کے مطابق شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور پُرامن ماحول کا قیام ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
