ایمان ظاہر شاہ 

 

سر درد، بخار یا جسم کے کسی حصے میں تکلیف محسوس ہونے پر بہت سے لوگ فوری آرام کے لیے پیناڈول، بروفن اور ڈسپرین جیسی درد کش ادویات استعمال کرتے ہیں۔ بعض افراد معمولی درد کی صورت میں بھی ڈاکٹر سے مشورہ کیے بغیر یہ دوائیں بار بار لیتے ہیں، تاہم ماہرین کے مطابق ان کا غیر ضروری یا زیادہ مقدار میں استعمال جگر، گردوں اور نظامِ ہاضمہ سمیت جسم کے مختلف اعضا کو متاثر کر سکتا ہے۔ اس لیے درد کی وجہ معلوم کیے بغیر مسلسل ادویات استعمال کرنے کے بجائے ڈاکٹر سے رجوع کرنا ضروری ہے۔

 

نوشہرہ سے تعلق رکھنے والی ماہین جبار بھی درد سے فوری نجات کے لیے درد کش ادویات استعمال کرتی رہی ہیں۔ وہ کہتی ہیں کہ کام کی مصروفیت اور تھکاوٹ کے باعث جب انہیں سر میں درد محسوس ہوتا تو وہ دن میں کبھی ایک اور کبھی دو پیناڈول یا بروفن کی گولیاں لے لیتی تھیں، جس سے انہیں فوری آرام مل جاتا تھا۔

ماہین نے ٹی این این سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ کچھ عرصے بعد انہیں معدے میں جلن اور نظامِ ہاضمہ کی خرابی محسوس ہونے لگی۔ ڈاکٹر سے معائنہ کروانے پر معلوم ہوا کہ درد کش ادویات کے زیادہ استعمال سے انہیں معدے کا السر ہوگیا ہے۔ ان کے مطابق ایک طویل عرصے تک ان کی صحت متاثر رہی اور کھانا ہضم کرنے میں بھی مشکلات پیش آتی رہیں، تاہم علاج اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے بعد اب وہ صحت مند ہیں۔

 

این پی استنبول برین ہسپتال کی تحقیقات کے مطابق درد کش ادویات کا ضرورت سے زیادہ استعمال گردوں کی ساخت اور کارکردگی کو متاثر کر سکتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ ادویات نظامِ ہاضمہ اور معدے کی اندرونی حفاظتی جھلی کو بھی نقصان پہنچا سکتی ہیں، جس سے السر، معدے میں خون بہنے اور شدید درد جیسے مسائل پیدا ہونے کا خدشہ ہوتا ہے۔

اس حوالے سے ٹی این این سے گفتگو کرتے ہوئے لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور کے ایسوسی ایٹ پروفیسر آف میڈیسن ڈاکٹر عطا محمد خان نے بتایا کہ پیناڈول کی زیادہ مقدار جگر کو اچانک ناکارہ کر سکتی ہے، جبکہ بروقت علاج نہ ملنے کی صورت میں یہ جان لیوا بھی ثابت ہو سکتی ہے۔ اسی طرح بروفن کی ضرورت سے زیادہ مقدار گردوں کی ناکامی اور معدے سے خون بہنے سمیت دیگر پیچیدگیوں کا سبب بن سکتی ہے۔

 

ڈاکٹر عطا محمد خان کے مطابق ڈسپرین کا زیادہ استعمال بھی جسم میں تیزاب اور اساس کے توازن میں شدید خرابی، سانس کے مسائل اور دماغ پر زہریلے اثرات پیدا کر سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیراسیٹامول کی زہریلی مقدار استعمال ہونے کی صورت میں ابتدا میں بظاہر کوئی واضح علامات سامنے نہیں آتیں، اس لیے زیادہ مقدار استعمال کرنے کا شبہ ہو تو فوری طبی امداد حاصل کرنا ضروری ہے، چاہے متاثرہ شخص خود کو ٹھیک محسوس کر رہا ہو۔

احتیاطی تدابیر کے حوالے سے ڈاکٹر عطا محمد خان نے کہا کہ ادویات ہمیشہ تجویز کردہ مقدار اور پیکٹ پر درج ہدایات کے مطابق استعمال کرنی چاہئیں۔ پیراسیٹامول پر مشتمل ایک سے زیادہ ادویات بیک وقت استعمال کرنے سے گریز کیا جائے، جبکہ بروفن اور ڈسپرین کو ڈاکٹر کے مشورے کے بغیر اکٹھا استعمال نہیں کرنا چاہیے۔ اگر درد یا بخار برقرار رہے، بار بار ہو یا شدت اختیار کرے تو خود سے دوا لینے کے بجائے ڈاکٹر سے معائنہ کروانا چاہیے۔

اس حوالے سے سوات سے تعلق رکھنے والی اور کراچی میں مقیم ماہرِ امراضِ نسواں و زچگی (گائناکالوجسٹ) مہرالنسا نے ٹی این این سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حاملہ خواتین کو ڈاکٹر کے مشورے کے بغیر درد کش ادویات یا کوئی دوسری دوا استعمال نہیں کرنی چاہیے۔ ان کے مطابق دورانِ حمل بعض ادویات کا غیر ضروری یا غلط استعمال ماں اور بچے دونوں کی صحت کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے۔ بعض ادویات حمل کے مختلف مراحل میں بچے کی نشوونما، اس کے گردوں کی کارکردگی اور اس کے گرد موجود پانی کی مقدار کو متاثر کر سکتی ہیں، جبکہ بعض صورتوں میں بچے کی قبل از وقت پیدائش اور دیگر پیچیدگیوں کا خطرہ بھی بڑھ سکتا ہے۔ اسی طرح ایسی ادویات کے استعمال سے ماں کی صحت اور حمل کا دورانیہ بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حاملہ خواتین کسی بھی درد یا تکلیف کی صورت میں خود سے دوا لینے کے بجائے گائناکالوجسٹ سے رجوع کریں تاکہ حمل کی مدت اور طبی حالت کے مطابق محفوظ علاج تجویز کیا جا سکے۔

درد کش ادویات کا غیر ضروری استعمال صرف بڑوں ہی نہیں بلکہ بچوں کی صحت کے لیے بھی خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔ اس حوالے سے لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور کے ماہرِ امراضِ اطفال اور اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر طاہر احمد نے ٹی این این کو بتایا کہ اپنے طبی تجربے کے دوران انہوں نے ایسے بچوں کا علاج کیا ہے جو درد کش ادویات کی زیادہ مقدار استعمال کرنے کے باعث جگر کی خرابی اور معدے یا آنتوں سے خون بہنے کی شکایات کے ساتھ ہسپتال لائے گئے۔

ڈاکٹر طاہر احمد کے مطابق بچوں کو ادویات ان کی عمر اور وزن کے مطابق دی جاتی ہیں، اس لیے بڑوں کی خوراک بچوں کو دینا یا اپنی مرضی سے انہیں درد کش ادویات دینا نقصان دہ ہو سکتا ہے۔ طویل عرصے تک ان ادویات کے غلط استعمال سے جگر، گرہنی، آنتوں اور گردوں کے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔ والدین کو چاہیے کہ بچوں کو درد کش ادویات صرف ماہرِ امراضِ اطفال کے مشورے سے دیں۔