پشاور میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ اینڈ سمگلنگ سرکل نے انسانی سمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث مبینہ نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

 

ایف آئی اے کے مطابق کارروائی انسپکٹر شاہِ روم کی سربراہی میں کی گئی، جس کے دوران پہلے چارسدہ سے مختاج اللہ ولد درویش گل کو گرفتار کیا گیا۔ ملزم ایف آئی آر نمبر 141/2026 میں امیگریشن آرڈیننس 1979 کی متعلقہ دفعات کے تحت مطلوب تھا۔

 

ملزم پر بیرون ملک ملازمت دلانے کے جھوٹے وعدوں کے ذریعے شہریوں سے رقم وصول کرنے اور بغیر لائسنس غیر قانونی ایجنٹ کا کاروبار چلانے کا الزام ہے۔ اس کے قبضے سے 3 لاکھ 3 ہزار روپے نقدی اور اہم دستاویزات برآمد کی گئیں۔

ایف آئی اے کے مطابق ملزم کی نشاندہی پر ڈینز ٹریڈ سینٹر پشاور کے سامنے چھاپہ مار کر دوسرے مبینہ ایجنٹ مشرف کو بھی گرفتار کیا گیا، جس کے قبضے سے مختلف افراد کے متعدد پاسپورٹس اور ورک پرمٹ سے متعلق دستاویزات برآمد کرکے تحویل میں لے لی گئیں۔

 

دونوں ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ مبینہ نیٹ ورک کے دیگر ارکان کی گرفتاری کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔ ایف آئی اے نے بیرون ملک ملازمت کے نام پر شہریوں کو دھوکہ دینے والے عناصر کے خلاف قانونی کارروائیاں جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔