سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیوں کے دوران 18 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔

 

سکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن عزمِ استحکام کے تحت شمالی وزیرستان اور گردونواح میں فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائی کی گئی، جس میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔

 

یہ بھی پڑھیے: کوہاٹ: شادی پور پولیس چیک پوسٹ پر نامعلوم ملزمان کا حملہ

 

ذرائع کے مطابق شمالی وزیرستان میں کارروائی کے دوران 13 خوارج ہلاک ہوئے۔

 

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے ضلع مستونگ میں فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائی کی گئی، جس کے دوران 5 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔

 

ذرائع کے مطابق دونوں کارروائیوں کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، جبکہ علاقے میں دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔