پاکستان کے پہلے خلا باز کو چین کے تیانگونگ خلائی اسٹیشن بھیجنے کی تیاریاں آخری مرحلے میں پہنچ گئی ہیں۔ وفاقی وزیر احسن اقبال اس تاریخی مشن کی تقریب میں شرکت کے لیے بیجنگ پہنچ گئے ہیں، جبکہ چین نے پاکستانی خلا باز کو لے جانے والے شینژو 24 خلائی جہاز کی لانچنگ مشق کامیابی سے مکمل کرلی ہے۔
بیجنگ میں احسن اقبال خلائی مشن کے مرکز کا دورہ کریں گے اور تربیت مکمل کرنے والے پاکستانی امیدواروں محمد ذیشان علی اور خرم داؤد سے ملاقات کریں گے۔ ان دونوں میں سے ایک کو بطور پے لوڈ اسپیشلسٹ خلائی پرواز کے لیے منتخب کیا جائے گا جبکہ دوسرا متبادل خلا باز ہوگا۔ منتخب امیدوار تیانگونگ خلائی اسٹیشن جانے والا پہلا غیر ملکی شہری ہوگا۔
.jpeg)
پاکستان کے خلائی و بالائی فضائی تحقیقی کمیشن (سپارکو) کے مطابق لانچنگ مشق شمال مغربی چین کے جیوچوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر میں مکمل ہوئی، جہاں عملے کے تینوں ارکان نے پرواز سے قبل تمام ضروری مراحل کامیابی سے انجام دیے۔ شینژو 24 خلائی جہاز اور 2 ایف راکٹ کو 17 نومبر کو لانچنگ مقام پر منتقل کیا گیا تھا، تاہم روانگی کی حتمی تاریخ کا اعلان ابھی نہیں کیا گیا۔
منتخب پاکستانی خلا باز خلائی اسٹیشن پر تقریباً ایک ہفتہ قیام کرے گا، جہاں وہ سائنسی تجربات میں حصہ لے گا اور بعدازاں شینژو 23 خلائی جہاز کے ذریعے زمین پر واپس آئے گا۔ پاکستان اور چین نے فروری 2025 میں پاکستانی خلا بازوں کی تربیت کے لیے معاہدہ کیا تھا، جس کے بعد دونوں ممالک کا خلائی تعاون انسانی خلائی پرواز تک پہنچ گیا ہے۔
احسن اقبال نے اس خلائی پرواز کو پوری قوم کے لیے تاریخی لمحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اڑان پاکستانی نوجوانوں کے خوابوں کو خلا تک لے جائے گی۔
