ضلع کرم میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے چوری شدہ 17 سلائی مشینیں اور ایک الیکٹرک موٹر برآمد کرکے چار ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق ڈی پی او کرم ڈاکٹر سعد آفریدی کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ پاراچنار سٹی وکیشنل سینٹر سے چوری کیا گیا سامان فیلڈر گاڑی کے ذریعے پاراچنار سے صدہ منتقل کیا جا رہا ہے، جس پر پولیس کو فوری کارروائی کی ہدایت کی گئی۔
ڈی ایس پی مظہر علی کی نگرانی میں پولیس ٹیم نے تھانہ آگرہ کے قریب ناکہ بندی کے دوران مشکوک گاڑی کو روک کر تلاشی لی تو اس کی ڈگی سے 17 سلائی مشینیں اور ایک الیکٹرک موٹر برآمد ہوئی۔
پولیس نے گاڑی میں سوار چار ملزمان مسلم حسین، عرفان حیدر، سید علی انور اور سید جبار حسین کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے پاراچنار سٹی وکیشنل سینٹر سے سامان چوری کرنے کا اعتراف کیا ہے۔
ملزمان کے خلاف تھانہ آگرہ میں مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ ڈی پی او کرم نے پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
