پشاور کے علاقے قیوم گارڈن میں ایک بیٹھک سے جنوبی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے دو صحافیوں کو مبینہ طور پر وردی پوش افراد اپنے ساتھ لے گئے، جبکہ اہل خانہ نے تھانہ پشتخرہ میں روزنامچہ رپورٹ درج کرائی ہے، تاہم تاحال مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔
درخواست کے مطابق تحصیل سروکئی جنوبی وزیرستان پریس کلب کے صدر شبیر احمد، جو آئی ایس پی آر کے ایف ایم 96 ریڈیو سے بطور میزبان وابستہ ہیں، اپنے ساتھی عرفت اللہ اور آفس بوائے دین محمد کے ہمراہ گھر کے قریب بیٹھک میں موجود تھے کہ شام تقریباً 5 بجے دو ویگو اور ایک سفید فیلڈر گاڑی میں سوار وردی پوش افراد وہاں پہنچے اور تینوں کو اپنے ساتھ لے گئے۔
ذرائع کے مطابق محلے میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج اور ڈی وی آر بھی ساتھ لے جایا گیا۔ اہل خانہ کی جانب سے تھانہ پشتخرہ میں روزنامچہ رپورٹ درج کرائی گئی ہے، تاہم تاحال ایف آئی آر درج نہیں ہوئی۔
عرفت اللہ کے بھائی، جو خود بھی صحافی ہیں، نے بتایا کہ گزشتہ ماہ انہیں بھی خفیہ اداروں کے اہلکار اپنے ساتھ لے گئے تھے اور دو روز بعد یہ کہہ کر رہا کیا گیا کہ انہیں غلط معلومات کی بنیاد پر ساتھ لے جایا گیا تھا اور ان کے خلاف تحقیقات کی کوئی وجہ نہیں تھی۔
جنوبی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے دیگر صحافیوں کو بھی مبینہ طور پر ٹیلیفون کالز موصول ہو رہی ہیں، جن میں انہیں دفاتر میں حاضر ہونے کے لیے کہا جاتا ہے۔ ان میں ایسے صحافی بھی شامل ہیں جو سکیورٹی خدشات کے باعث اپنے آبائی علاقوں سے نقل مکانی کرکے دیگر مقامات پر رہائش پذیر ہیں۔
تاحال یہ واضح نہیں کہ دونوں صحافیوں کو کہاں منتقل کیا گیا یا انہیں ساتھ لے جانے والے افراد کون تھے، جبکہ دیگر صحافیوں کو موصول ہونے والی کالز سے اس واقعے کے تعلق کی بھی تصدیق نہیں ہوئی۔
تھانہ پشتخرہ کے محرر حیات خان نے ایف این کو بتایا کہ گزشتہ روز سرکاری تعطیل کے باعث ایف آئی آر درج نہیں کی گئی۔ ان کے مطابق واقعے کی انکوائری جاری ہے اور متعلقہ پولیس افسران آج جائے وقوعہ کا معائنہ کریں گے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا صحافیوں کو اغوا کیا گیا ہے یا نہیں۔ انکوائری اور جائے وقوعہ کے جائزے کے بعد مزید قانونی کارروائی اور ایف آئی آر کے اندراج کا فیصلہ کیا جائے گا۔
