قطر کے دارالحکومت دوحہ میں کھیلے گئے ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز کے اہم مقابلے میں پاکستان شاہینز نے بھارت اے کو 48 رنز سے شکست دے دی۔ پاکستان کے 313 رنز کے ہدف کے جواب میں بھارتی ٹیم 265 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔

 

پاکستان شاہینز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ اوپنرز شامل حسین اور معاذ صداقت نے 66 رنز کی شراکت قائم کی، شامل حسین 33 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ روحیل نذیر بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ معاذ صداقت اور حسن نواز کے درمیان تیسری وکٹ پر 54 رنز بنے، معاذ صداقت نے 59 رنز اسکور کیے۔ کپتان عبدالصمد 28 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ حسن نواز نے 5 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 79 رنز بنائے۔ فرحان یوسف نے 46 گیندوں پر 56 رنز کی اننگز کھیلی اور پاکستان شاہینز کی ٹیم آخری اوور میں 313 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ بھارت کی جانب سے وپراج، سورینش، پرنس اور ہریشتھ نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

 

ہدف کے تعاقب میں بھارت اے کے 26 رنز پر 2 کھلاڑی آؤٹ ہوگئے، جس کے بعد کپتان تلک ورما اور ابھیشک شرما نے تیسری وکٹ پر 67 رنز جوڑے۔ ابھیشک شرما نے 6 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے 70 رنز بنائے۔ بعدازاں تلک ورما اور شہباز احمد نے ساتویں وکٹ پر 112 رنز کی شراکت قائم کرکے مقابلے میں واپسی کی کوشش کی، شہباز احمد 56 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ تلک ورما 100 رنز کے ساتھ بھارتی اننگز کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی بنے۔ بھارتی ٹیم 265 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ پاکستان کی جانب سے حسن نواز اور علی رضا نے 3، 3 جبکہ عمران رندھاوا نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

 

اس کامیابی کے بعد پاکستان شاہینز کے دو میچوں میں 4 پوائنٹس ہوگئے ہیں اور ٹیم کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔