پشاور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ سے متعلق دائر درخواست پر عبوری ریلیف دینے سے انکار کرتے ہوئے سماعت کل تک ملتوی کردی۔
سماعت کے دوران جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ نے ریمارکس دیے کہ فریقین کا مؤقف سنے بغیر کسی قسم کا ریلیف نہیں دیا جاسکتا۔
یہ بھی پڑھیے: ڈیرہ اسماعیل خان میں فائرنگ کے 2 الگ واقعات، ایف بی آر اور ٹریفک پولیس سمیت 5 اہلکار شہید
پی ٹی آئی کے ایم این ایز کی جانب سے پیش ہونے والے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ لانگ مارچ درخواست گزاروں کے حلقوں سے گزرے گا، جہاں وہ قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اس کا استقبال کرنا چاہتے ہیں۔ وکیل نے استدعا کی کہ لانگ مارچ کے راستے میں ممکنہ رکاوٹیں کھڑی نہ کی جائیں، کیونکہ مارچ پہلے ہی جاری ہے اور معاملے میں تاخیر کی گنجائش نہیں۔
دوسری جانب ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے درخواست کے قابلِ سماعت ہونے پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ لانگ مارچ سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ پہلے ہی حکم جاری کرچکی ہے۔ انہوں نے عدالت سے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ وہ آج دلائل کے لیے تیار نہیں۔
عدالت نے فریقین کے مؤقف سننے کے بعد فوری عبوری ریلیف دینے سے انکار کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت کل تک ملتوی کردی۔
