ڈیرہ اسماعیل خان میں فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں ایف بی آر کے 4 اہلکار اور ٹریفک پولیس کا ایک اہلکار شہید ہوگیا۔
ڈی پی او ڈی آئی خان ضیا الدین احمد کے مطابق تھانہ گومل یونیورسٹی کی حدود میں اٹھایا پل کے قریب مسلح افراد نے ایک گاڑی پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ایف بی آر کے 4 اہلکار شہید ہوگئے۔
پولیس کے مطابق شہید ہونے والے ایف بی آر اہلکاروں میں وسیم ولد یوسف، رحمت اللہ ولد میر باز، سلیمان اور اویس شامل ہیں۔ وسیم کا تعلق بستی استرانہ، جنوبی ڈیرہ اسماعیل خان سے، رحمت اللہ کا لکی مروت سے جبکہ سلیمان لانگ خیر شاہ اور اویس ڈیال روڈ، ڈیرہ اسماعیل خان کے رہائشی تھے۔
یہ بھی پڑھیے: خیبر: ساڑھے چھ سال بعد پولیو کا کیس سامنے آگیا، رواں سال ملک میں کتنے کیسز رپورٹ ہوئے؟
پولیس کے مطابق شہید ہونے والے ایف بی آر کے 4 اہلکاروں میں 2 مستقل ملازمین جبکہ 2 کنٹریکٹ پر کام کرنے والے اہلکار تھے۔
ضیا الدین احمد کا کہنا ہے کہ شہید اہلکاروں کی لاشیں ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردی گئی ہیں جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔
دوسرے واقعے میں تھانہ ڈیرہ ٹاؤن کی حدود میں مفتی محمود چوک کے قریب ٹریفک پولیس کی موبائل کو نشانہ بنایا گیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں ایک پولیس کانسٹیبل شہید جبکہ ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔
ڈی پی او ضیا الدین احمد نے بتایا کہ ایف بی آر اہلکاروں اور ٹریفک پولیس اہلکار کو دورانِ ڈیوٹی نشانہ بنایا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق ڈی آئی خان شہر اور گردونواح میں سکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔
