زالان آفریدی 

 

خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر میں تقریباً ساڑھے 6 سال بعد پولیو کا کیس رپورٹ ہوا ہے، جس کے بعد پاکستان میں رواں سال پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 6 ہوگئی ہے۔

 

اسلام آباد میں قائم ریجنل ریفرنس لیبارٹری فار پولیو ایریڈیکیشن نے ضلع خیبر سے رواں سال پاکستان کے چھٹے پولیو کیس کی تصدیق کی ہے۔

 

محکمہ صحت کے مطابق متاثرہ بچہ 7 سالہ لڑکا ہے، جس کا تعلق تحصیل جمرود کی یونین کونسل غنڈی اے سے ہے۔ بچے میں بائیں جانب چہرے کے فالج (Left Facial Palsy) کی علامات سامنے آنے کے بعد جمرود میں قائم ایکٹو سرویلنس سائٹ پر کیس رپورٹ کیا گیا، جس کے بعد بچے کے نمونے مزید جانچ کے لیے لیبارٹری بھجوائے گئے۔

 

یہ بھی پڑھیے: کم عمر بچیوں کو ایچ پی وی ویکسین کیوں دی جا رہی ہے اور سرویکل کینسر سے کیا تعلق ہے؟

 

حکام کے مطابق ضلع خیبر میں تقریباً ساڑھے 6 سال کے وقفے کے بعد پولیو کیس سامنے آیا ہے۔ ضلع خیبر پشاور بلاک کا اہم حصہ ہے اور اسے پاکستان میں پولیو وائرس کے اہم ذخائر (Reservoirs) میں شمار کیا جاتا ہے۔

 

رواں سال پاکستان میں پولیو کے مجموعی 6 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں، جن میں خیبرپختونخوا سے 5 جبکہ سندھ سے ایک کیس شامل ہے۔

 

2026 میں رپورٹ ہونے والے پولیو کیسز میں سندھ کے ضلع سجاول سے ایک کیس، جبکہ خیبرپختونخوا میں بنوں سے 3، وزیرستان سے ایک اور ضلع خیبر سے ایک کیس شامل ہے۔