خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں آج رات سے 7 اکتوبر تک تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

 

پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی خیبر پختونخوا (پی ڈی ایم اے) کے مطابق صوبے کے بالائی اضلاع چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

 

پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں کے باعث دن کے اوقات میں درجہ حرارت میں 2 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ تک کمی کا امکان ہے۔

 

یہ بھی پڑھیے: صوابی: دو بہنوں کے مبینہ اغوا اور حراسانی کیس نے نیا رخ اختیار کرلیا

 

موسمی صورتحال کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ کو پیشگی حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کو دریاؤں، ندی نالوں اور برساتی نالوں کی مسلسل نگرانی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

 

پی ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو نکاسی آب کے نظام کو صاف اور فعال رکھنے کے لیے فوری اقدامات کرنے اور ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریسکیو اہلکاروں اور ضروری سامان کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

 

پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبائی ایمرجنسی آپریشن سینٹر 24 گھنٹے فعال ہے اور صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے۔

 

حکام نے بارش کے دوران سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور اضافی احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔ عوام کو گرج چمک کے دوران محفوظ مقامات پر پناہ لینے، بجلی کی تاروں اور دیگر خطرناک اشیاء سے دور رہنے جبکہ سیلابی پانی میں داخل ہونے یا اسے عبور کرنے سے گریز کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔