آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2027 میں پاکستان کے ممکنہ سپر 7 مرحلے کا شیڈول سامنے آگیا ہے۔ قومی ٹیم سپر 7 مرحلے میں جگہ بنانے کی صورت میں 26 اکتوبر کو نیوزی لینڈ، 30 اکتوبر کو انگلینڈ اور 3 نومبر کو میزبان جنوبی افریقا کے مدمقابل ہوگی۔
ممکنہ شیڈول کے مطابق پاکستان 26 اکتوبر کو کیباخا (پورٹ الزبتھ) میں نیوزی لینڈ، 30 اکتوبر کو وکٹوریہ فالز میں انگلینڈ اور 3 نومبر کو ڈربن میں جنوبی افریقا کا سامنا کرے گا۔
روایتی حریف بھارت کے خلاف پاکستان کا ممکنہ سپر 7 مقابلہ 7 نومبر کو کیپ ٹاؤن میں شیڈول ہے، جبکہ اس کے بعد قومی ٹیم 10 نومبر کو سری لنکا اور 13 نومبر کو آسٹریلیا کے خلاف بلوم فونٹین میں میدان میں اترے گی۔
یہ بھی پڑھیے: خیبر: لنڈی کوتل میں ڈینگی کے کیسز میں اضافہ، ہسپتال میں 20 بیڈز کا خصوصی وارڈ قائم
جنوبی افریقا، زمبابوے اور نمیبیا کی مشترکہ میزبانی میں ہونے والے ورلڈ کپ میں 14 ٹیمیں حصہ لیں گی اور مجموعی طور پر 57 میچز کھیلے جائیں گے۔ ٹورنامنٹ کا آغاز 2 اکتوبر 2027 کو نمیبیا کے شہر ونڈہوک میں تین ٹیموں پر مشتمل سپر سیریز سے ہوگا، جس کی فاتح ٹیم گروپ مرحلے میں جگہ بنائے گی۔
گروپ مرحلے کے باقاعدہ مقابلے 7 اکتوبر سے کیپ ٹاؤن میں شروع ہوں گے، جہاں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا اور بھارت آمنے سامنے ہوں گے۔ آئی سی سی کی پری ٹورنامنٹ سیڈنگز میں پاکستان کو اے تھری کا درجہ دیا گیا ہے۔
گروپ مرحلے میں 12 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے میں پاکستان، بھارت، آسٹریلیا، افغانستان، زمبابوے اور کوالیفائر اے، جبکہ گروپ بی میں نیوزی لینڈ، جنوبی افریقا، سری لنکا، انگلینڈ، بنگلہ دیش اور کوالیفائر بی شامل ہیں۔
ہر ٹیم اپنے گروپ کی دیگر ٹیموں کے خلاف ایک ایک میچ کھیلے گی۔ دونوں گروپس کی ٹاپ تین ٹیمیں براہِ راست سپر 7 مرحلے میں پہنچیں گی، جبکہ دونوں گروپس میں چوتھی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں میں سے بہتر ٹیم بھی اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرے گی۔
سپر 7 مرحلہ راؤنڈ رابن فارمیٹ پر کھیلا جائے گا، جس کے اختتام پر ٹاپ چار ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی۔
گروپ مرحلے میں پاکستان اور بھارت کا مقابلہ 10 اکتوبر کو جوہانسبرگ میں ہوگا، جبکہ پاکستان اور آسٹریلیا 22 اکتوبر کو پارل میں آمنے سامنے ہوں گے۔ دونوں ٹیموں کے سپر 7 مرحلے میں پہنچنے کی صورت میں پاکستان کا بھارت اور آسٹریلیا سے دوسری مرتبہ بھی مقابلہ ہوگا، جبکہ سیمی فائنل یا فائنل میں تیسری بار آمنا سامنا بھی ممکن ہوگا۔
پہلا سیمی فائنل 17 نومبر کو کیپ ٹاؤن اور دوسرا 18 نومبر کو تشوانے میں کھیلا جائے گا۔ ورلڈ کپ کا فائنل 21 نومبر 2027 کو جوہانسبرگ میں شیڈول ہے، جبکہ ضرورت پڑنے پر 22 نومبر کو ریزرو ڈے کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔
