زالان خان آفریدی 

 

ضلع خیبر کی تحصیل لنڈی کوتل سب ڈویژن میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 23 ہوگئی ہے، جن میں پشاور، لاہور اور دیگر شہروں سے لنڈی کوتل آنے والے 16 افراد بھی شامل ہیں، جن میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

 

لنڈی کوتل ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کے ذرائع کے مطابق اس وقت ہسپتال میں ڈینگی سے متاثرہ 7 مریض زیرِ علاج ہیں، جبکہ مریضوں کے لیے 20 بستروں پر مشتمل خصوصی وارڈ مختص کیا گیا ہے۔

 

یہ بھی پڑھیے: ایک چراغ اور بجھا، اور بڑھتی تاریکی

 

ہسپتال ذرائع کے مطابق لنڈی کوتل سب ڈویژن میں ڈینگی کے کیسز میں اضافے کے بعد متاثرہ مریضوں کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں اور انہیں طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

 

دوسری جانب لنڈی کوتل کے عوام نے محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈینگی کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے مختلف علاقوں میں فوری طور پر فوگ اسپرے کرایا جائے اور متاثرہ مریضوں کو بہتر اور بروقت طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔

 

عوام کا کہنا ہے کہ ڈینگی پر قابو پانے کے لیے صرف مریضوں کا علاج کافی نہیں بلکہ مچھروں کی افزائش روکنے، متاثرہ علاقوں میں مؤثر اسپرے اور دیگر حفاظتی اقدامات بھی ضروری ہیں۔