کرک کی تحصیل بانڈہ داؤد شاہ کے علاقے آلوڑگی بانڈہ میں گھر میں گیس جمع ہونے سے دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں مکان مکمل طور پر منہدم ہوگیا۔ حادثے میں خاتون اور بچوں سمیت 3 افراد جاں بحق جبکہ 9 افراد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو 1122 کے ترجمان آصف خٹک کے مطابق دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ڈیزاسٹر ٹیم اور ایمبولینسز موقع پر پہنچیں اور ملبے سے متاثرہ افراد کو نکال کر طبی امداد کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کرک منتقل کیا۔
یہ بھی پڑھیے: لوئر دیر میں بچوں کی اموات کی وجوہات جاننے کے لیے محکمہ صحت کی 10 رکنی ٹیم
ترجمان کے مطابق حادثے میں 55 سالہ خاتون، زوجہ بغداد، شکیل کی 2 سالہ بیٹی اور علیشاہ عمر 3 سال جاں بحق ہوئے جبکہ 9 افراد زخمی ہوئے، جن کی عمریں 3 سے 60 سال کے درمیان ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کی مزید تفصیلات جمع کی جارہی ہیں۔
