خیبرپختونخوا پبلک سروس کمیشن نے پشاور ہائی کورٹ میں سول جج کم جوڈیشل مجسٹریٹ کی 105 آسامیوں کے لیے منعقدہ تحریری مقابلے کے امتحان کا نتیجہ جاری کردیا، جس میں 3 ہزار 97 درخواست گزاروں میں سے امتحان میں شریک ایک ہزار 24 امیدواروں میں صرف 3 کامیاب قرار پائے۔

 

کمیشن کے مطابق کامیاب امیدواروں میں جنوبی وزیرستان سے صبا رسول، باجوڑ سے عبداللہ نور اور مردان سے سید زاہد حسین شامل ہیں۔

 

یہ بھی پڑھیے: پشاور: شادی کی تاریخ طے کرنے سے انکار پر 22 سالہ لڑکی قتل

 

نتائج کے مطابق پشتو کے پرچے میں 96 فیصد امیدوار کامیاب ہوئے، جبکہ فوجداری قانون میں کامیابی کی شرح 81 فیصد اور قانونِ شہادت و پلیڈنگز میں 78 فیصد رہی۔اس کے برعکس انگریزی کے پرچے میں صرف 15 فیصد امیدوار کامیاب ہوسکے، جبکہ 85 فیصد امیدوار کامیابی حاصل نہ کرسکے۔

 

کمیشن کے مطابق 105 آسامیوں کے لیے مجموعی طور پر 3 ہزار 97 امیدواروں نے درخواستیں جمع کرائیں، تاہم ایک ہزار 24 امیدوار تحریری امتحان میں شریک ہوئے۔

 

خیبرپختونخوا پبلک سروس کمیشن نے کامیاب امیدواروں کو مطلوبہ دستاویزات 15 اکتوبر 2026 تک جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔

 

کمیشن کے مطابق امیدوار نتائج کے اعلان کے 15 روز کے اندر فی پرچہ 500 روپے فیس کے ساتھ نمبروں کی دوبارہ گنتی کے لیے درخواست بھی جمع کراسکتے ہیں۔