پشاور کے علاقے سیٹھی ٹاؤن میں شادی کی تاریخ طے کرنے سے انکار پر ملزم نے مبینہ طور پر فائرنگ کرکے 22 سالہ لڑکی کو قتل کردیا، جبکہ واردات کے بعد فرار ہوگیا۔
پولیس کے مطابق مقتولہ اپنے ماموں، بھائی اور بھتیجی کے ہمراہ گھر سے نکلی تھی کہ ملزم مسجد سے نکل کر ان کے قریب آیا اور پستول سے فائرنگ کردی۔
یہ بھی پڑھیے: خیبرپختونخوا: تنخواہوں میں 30 فیصد اضافے کے لیے 24 روزہ ہڑتال کے بعد ڈاکٹروں کا نیا فیصلہ
فائرنگ کے نتیجے میں 22 سالہ لڑکی شدید زخمی ہوگئی۔ اسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا تاہم وہ راستے میں ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔
واردات کے بعد ملزم موقع سے فرار ہوگیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق واقعے کی بنیادی وجہ شادی کی تاریخ طے کرنے سے انکار تھی، جس پر ملزم نے مبینہ طور پر فائرنگ کی۔پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے ملزم کی تلاش شروع کردی ہے۔
