صوابی کے علاقے گدون لیرن میں ایک شخص نے مبینہ طور پر بھانجے کی ٹک ٹاک ویڈیو بنانے پر ناراضی کے باعث گھر میں فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں اس کی بہن اور بھانجی جاں بحق ہوگئیں جبکہ ملزم موقع سے فرار ہوگیا۔

 

پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ گھر کے اندر پیش آیا، جہاں ملزم نے اپنی بہن اور بھانجی کو نشانہ بنایا۔ دونوں خواتین زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔

 

یہ بھی پڑھیے: خیبر: تیراہ متاثرین کی 10 اکتوبر سے واپسی، اس سے پہلے کیا مطالبہ سامنے آیا؟

 

پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر واقعے کی وجہ بھانجے کی ٹک ٹاک ویڈیو بنانے پر ملزم کا اعتراض سامنے آیا ہے۔

 

واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاشوں کو تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کیا۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا ہے جبکہ فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔