ٹانک میں نامعلوم مسلح افراد نے ٹریفک پولیس کی موبائل پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں 3 اہلکار شہید جبکہ 2 راہ گیر زخمی ہوگئے۔

 

ڈی پی او ٹانک عبدالصمد خان کے مطابق فائرنگ کا واقعہ وزیر آباد بازار میں پیش آیا، جہاں مسلح ملزمان نے ٹریفک پولیس کی موبائل کو نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے نتیجے میں گاڑی میں سوار 3 اہلکار موقع پر ہی شہید ہوگئے، جبکہ حملہ آور فرار ہوگئے۔

 

شہید اہلکاروں کی شناخت پیر خالد، وارڈن گل امین اور وارڈن سلیم اللہ کے نام سے ہوئی ہے۔

 

یہ بھی پڑھیے: خیبرپختونخوا کے 37 سرکاری ہسپتال و صحت مراکز نجی شعبے کے حوالے کرنے کا فیصلہ، کن اضلاع کے مراکز شامل؟

 

ڈی پی او کے مطابق ملزمان ٹریفک پولیس کی موبائل بھی اپنے ساتھ لے گئے تھے، تاہم اسے بعدازاں گرہ بڈھا سے برآمد کر لیا گیا۔

 

انہوں نے بتایا کہ واقعے کے بعد ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام شاہراہوں اور پیدل راستوں پر ناکہ بندی کردی گئی ہے۔

 

ڈی پی او نے مزید بتایا کہ  فائرنگ کے دوران اے ایس آئی عصمت اللہ بھی زخمی ہوئے، جنہیں فوری طبی امداد کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔