افغانستان کے صوبہ کنڑ کے مرکزی شہر اسعدآباد میں شگی مڈل اسکول کے قریب ایک گھر میں دھماکے کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق اور 97 زخمی ہوگئے۔
کنڑ کے محکمہ اطلاعات و ثقافت کے سربراہ سمیع الحق حق بیان کے مطابق دھماکے کے بعد 7 لاشیں اور 97 زخمیوں کو صوبائی اسپتال منتقل کیا گیا۔ معمولی زخمیوں میں سے بعض کو ابتدائی طبی امداد کے بعد فارغ کردیا گیا، جبکہ دیگر زیرِ علاج ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ دھماکا کان کنی اور کنڑ نورستان مرکزی شاہراہ سے پتھر ہٹانے کے لیے استعمال ہونے والے بارودی مواد کی تیاری کے دوران پیش آیا۔ واقعے کی مزید تفصیلات سامنے آنے کا انتظار ہے۔
