آمنہ سالار زئی
موبائل فون کا طویل استعمال ہاتھوں، انگوٹھوں اور کلائیوں پر دباؤ بڑھا سکتا ہے۔ مسلسل سکرولنگ، ٹائپنگ اور ایک ہی ہاتھ میں فون پکڑنے سے درد، سوجن، سن ہونے اور انگلیوں کی حرکت میں دشواری جیسے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔
طبی ماہرین کے مطابق موبائل استعمال کرتے ہوئے ہاتھوں اور کلائیوں کو طویل وقت تک ایک ہی پوزیشن میں رکھنے اور انگوٹھے کی بار بار حرکت سے پٹھوں، کنڈروں اور اعصاب پر دباؤ پڑتا ہے۔ بعض افراد میں اس سے پہلے سے موجود تکلیف بھی بڑھ سکتی ہے۔
فزیوتھراپسٹ رابعہ ارشد کے مطابق مسلسل موبائل استعمال کرنے سے انگوٹھے پر بار بار دباؤ پڑتا ہے، جس سے گرفت کمزور ہونے، کلائی میں درد اور اعصاب پر دباؤ جیسے مسائل سامنے آسکتے ہیں۔ ایک ہی ہاتھ سے طویل وقت تک فون پکڑنے اور انگوٹھے سے مسلسل سکرولنگ کرنے سے یہ تکالیف بڑھ سکتی ہیں۔

ان کے مطابق موبائل کے زیادہ استعمال سے ہاتھوں اور کلائیوں کے چند اہم مسائل سامنے آسکتے ہیں، جن میں ڈی کوئروین ٹینوسائنووائٹس، کارپل ٹنل سنڈروم، ٹرگر فنگر اور انگوٹھے کے کنڈروں کی تکلیف شامل ہیں۔
ڈی کوئروین ٹینوسائنووائٹس میں انگوٹھے کی بنیاد اور کلائی کے قریب درد اور سوجن ہوتی ہے۔ خاص طور پر کسی چیز کو پکڑنے یا انگوٹھا حرکت دینے سے تکلیف بڑھ سکتی ہے۔ بار بار سکرولنگ اور انگوٹھے کے استعمال سے اس حصے پر دباؤ بڑھتا ہے۔
کارپل ٹنل سنڈروم میں کلائی کے اندر موجود میڈین نَرو (اعصاب) دب جاتا ہے، جس سے انگوٹھے، شہادت کی انگلی، درمیانی انگلی اور رنگ فنگر کے ایک حصے میں سن ہونے، جھنجھناہٹ اور درد کی شکایت ہوسکتی ہے۔

ٹرگر فنگر میں انگلی موڑنے یا سیدھی کرنے میں دشواری ہوتی ہے اور بعض اوقات انگلی مڑی ہوئی حالت میں اٹک جاتی ہے۔ اسی طرح انگوٹھے کے کنڈروں کی تکلیف میں درد، سوجن اور چھونے سے حساسیت پیدا ہوسکتی ہے، جبکہ کلائی کے پچھلے حصے کے کنڈروں پر دباؤ سے بھی درد ہوسکتا ہے۔

رابعہ ارشد کے مطابق ہاتھوں کے پٹھوں کی مسلسل سرگرمی سے تھکن اور کمزوری محسوس ہوسکتی ہے۔ اس کے لیے ہاتھوں اور کلائی کی ہلکی پھلکی ورزش، کھولنے اور بند کرنے کی مشقیں اور مناسب آرام مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔

ان مسائل سے بچاؤ کے لیے رابعہ ارشد نے مشورہ دیا کہ موبائل یا لیپ ٹاپ پر مسلسل کام کرنے والے افراد ہر 20 سے 30 منٹ بعد مختصر وقفہ لیں، دونوں ہاتھوں سے فون استعمال کریں اور بار بار ایک ہی انگوٹھے سے سکرولنگ کرنے سے گریز کریں۔ وائس ٹائپنگ کا استعمال بھی ہاتھوں کی بار بار حرکت کم کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔
ان کے مطابق کلائی کو قدرتی اور سیدھی حالت میں رکھنا اور ہاتھوں کو مناسب آرام دینا بھی ضروری ہے۔ اگر انگوٹھے یا کلائی میں مسلسل درد، سن ہونے یا انگلی کے اٹکنے کی شکایت ہو تو فزیوتھراپسٹ یا متعلقہ طبی ماہر سے معائنہ کروانا چاہیے تاکہ تکلیف کی اصل وجہ معلوم ہوسکے۔
