پاکستان شاہینز نے رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں بنگلا دیش اے کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی، جہاں اتوار کو اس کا مقابلہ سری لنکا اے سے ہوگا۔

 

دوحہ میں کھیلے گئے سیمی فائنل میں بنگلا دیش اے نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 232 رنز بنائے۔ شہادت حسین نے 103 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی جبکہ اسلام انکون نے 42 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے سفیان مقیم نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ علی رضا اور حسن نواز نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

 

233 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان شاہینز کی 2 وکٹیں 21 رنز پر گر گئیں، تاہم حسن نواز اور شاہ زیب خان نے تیسری وکٹ پر 110 رنز کی شراکت قائم کرکے اننگز کو سنبھالا۔ حسن نواز 62 اور شاہ زیب خان 50 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

 

بعدازاں کپتان عبدالصمد اور فرحان یوسف نے پانچویں وکٹ پر 74 رنز جوڑ کر ٹیم کو فتح کے قریب پہنچایا۔ عبدالصمد نے 33 گیندوں پر 44 رنز بنائے جبکہ فرحان یوسف 46 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان شاہینز نے 45.2 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔ اب فائنل میں پاکستان شاہینز اور سری لنکا اے کے درمیان ٹائٹل کے لیے مقابلہ ہوگا۔