پشاور: نادرا ڈپٹی ڈائریکٹر فہد خان کے قتل میں ملوث ملزمان کی شناخت کرلی گئی، گرفتاری کے لیے خصوصی پولیس ٹیمیں متحرک کردی گئیں۔
پولیس کے مطابق 6 نومبر 2026 کو حیات آباد فیز 5 میں نادرا آفس کے قریب ڈپٹی ڈائریکٹر فہد خان کو قتل کیا گیا تھا۔ واقعے کی تفتیش سی سی پی او پشاور کی نگرانی میں جاری ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی شناخت کے لیے سی سی ٹی وی فوٹیجز، جیو فینسنگ، کال ڈیٹا ریکارڈ اور دیگر جدید سائنسی و تکنیکی ذرائع استعمال کیے گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق مقتول کا خاندانی زمین اور جائیداد کا تنازع تقریباً 70 سال سے چلا آ رہا ہے، ماضی میں بھی اس تنازعے پر متعدد واقعات پیش آ چکے ہیں۔ قتل کے محرکات جاننے کے لیے اس پہلو سمیت تمام ممکنہ پہلوؤں پر تفتیش جاری ہے۔
پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے کافور ڈھیری اور ملحقہ علاقوں میں سرچ اور ٹارگٹڈ آپریشنز کیے ہیں، جبکہ ریگی کے مختلف دیہات کے داخلی اور خارجی راستوں پر ناکہ بندیاں
کرکے چیکنگ سخت کردی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق تفتیش کا دائرہ دیگر اضلاع اور صوبوں تک بھی بڑھا دیا گیا ہے، ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں مختلف مقامات پر کارروائیاں کر رہی ہیں۔
